Posts Tagged ‘حلالہ’



حلالہ کے منکرین ایک نفسیاتی حربہ استعمال کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ حلالہ عورت پر ظلم ہے۔ لیکن یہ اعتراض جہالت پر مبنی ہے، کیونکہ ہر اہل علم جانتا ہے کہ جب عورت کو تین طلاقیں دی جائیں یا ایک دو طلاقوں کی صورت میں عدت گزر جائے تواب عورت کی اجازت اور مرضی کے بغیر نکاح نہیں ہوسکتا۔ اسی طرح جب عورت نے دوسرے خاوند سے نکاح کرلیا اور اب اس نے طلاق دے دی تو پہلے خاوند سے نکاح کے سلسلے میں بھی عور ت کی مرضی اور اجازت ضروری ہے۔ لہٰذا جب تک عورت اجازت نہیں دے گی اس کا نکاح نہیں ہوسکتا، تو کس طرح اس عمل کو عورت پر ظلم قرار دیا جائے گا۔ عورت کو کون مجبور کرتا ہے کہ حلالہ کرائے اور پہلے خاوند سے دوبارہ نکاح کرے!
خلاصہ:
(۱)…جب عورت کو تین طلاقیں دی جائیں، چاہے تینوں اکٹھی ہوں یا الگ الگ دی گئی ہوں، دونوں صورتوں میں رجوع نہیں ہوسکتا اور نہ ہی وہ خاوند (حلالہ کے بغیر) اس عورت سے دوبارہ نکاح کرسکتا ہے۔
(۲)… اگر اس عور ت نے دوسری جگہ نکاح کرلیا اور پھر اس دوسرے خاوند نے حقوق زوجیت ادا کرنے کے بعد اپنی مرضی سے طلاق دے دی تو اب عدت گزارنے کے بعد پہلے خاوند سے نکاح جائز ہوگا۔ یہ عمل حلالہ کہلاتا ہے اور یہ سب کے نزدیک جائز ہے۔
(۳)… اگر دوسرے خاوند نے اس نیت سے نکاح کیا کہ وہ بعد میں اسے طلاق دے دے گا تاکہ وہ عورت پہلے خاوند کے لئے حلال ہوجائے اور اس کا گھر دوبارہ آباد ہوجائے، لیکن نکاح میں حلالہ کی شرط نہیں رکھی گئی تو یہ صورت بھی جائز ہے بلکہ باعث اجر و ثواب ہے۔
(۴)…اگر دوسرے خاوند سے نکاح اس شرط پر کیا جائے کہ وہ اسے بعد میں طلاق دے دے، تاکہ پہلا خاوند اس عورت سے نکاح کرلے، تو حلالہ کے لئے نکاح کرنے والے اور جس کے لئے حلالہ کیا گیا دونوں پر اللہ تعالیٰ کی لعنت ہے اور یہ عمل حرام ہے۔ لہذا مسلمانوں کو اس سے بچنا چاہئے۔
(۵) …تاہم اگر ایسا کرلیا گیا تو شرط باطل ہوجائے گی اور یہ نکاح صحیح ہوگا اور دوسرا خاوند اسے طلاق دینے کا پابند نہیں ہوگا۔ البتہ اپنی مرضی سے طلاق دے دے تو عورت پہلے خاوند کے لئے حلال ہوجائے گی۔
(۶)… بیک وقت تین طلاقیں دینا بدعت اور ناجائز عمل ہے۔ لہٰذا اس سے بچنا چاہئے اور صرف ایک طلاق دی جائے یا ضروری ہو تو تین طہروں میں ایک ایک کرکے تین طلاقیں مکمل کی جائیں۔
(۷)… اگر کوئی شخص بیک وقت تین طلاقیں دے دیتا ہے تو اگرچہ اس کا یہ عمل حرام ہے اور وہ گنہگار ہوگا لیکن تینوں طلاقیں نافذ ہوجائیں گی۔ انہیں ایک طلاق قرار دینا نہ صرف یہ کہ صحابہٴ کرام، تابعین اور تبع تابعین کے طریقے سے روگردانی ہے بلکہ عورت پر ظلم ہے اور حرام کاری کا دروازہ کھولنا ہے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں دین کی سمجھ عطا فرمائے، ہٹ دھرمی کی بجائے کھلے دل اور دیانت داری کے ساتھ حق قبول کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اسلام کا قانون خلع
اسی طرح کے نازک وقت کیلئے اسلام نے کشمکش کی آخری شکل میں ”خلع“ کی اجازت بخشی ہے، ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کے لئے پیش بندی کے طور پر سختی کے ساتھ خلع سے روکا ہے۔ رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:
ایما امرأة سألت زوجھا طلاقاً فی غیر ماباس فحرام علیہ رائحة الجنة۔ (رواہ احمد، مشکوٰة باب الخلع)
جو عورت ذرا ذرا سی بات پر اپنے شوہر سے طلاق کی درخواست کرے اس پر جنت کی بوحرام ہے۔
ایک دفعہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
المنتزعات والمختلعات ھن المنافقات (مشکوٰة باب الخلع)
شوہر سے علیٰحدہ ہونے والی اور خواہ مخواہ خلع کی طالب عورتیں منافق ہیں۔
ان حدیثوں کا منشاء یہی ہے کہ عورتیں خواہ مخواہ اپنے شوہروں سے جدائی کی خواہش نہ کریں، تلذذ کی خاطر ایساکرنا اسلام کے ایک عظیم الشان قانون کو بازئچہ اطلاق بنالیتا ہے۔
لیکن اگر واقعی عورت دیانتداری سے یہ محسوس کرتی ہے کہ اگر خلع کی صورت اختیارنہ کی گئی تو رب العزت کے قائم کردہ حدود باقی نہ رہ سکیں گے، اور عورت کو ظن غالب ہے کہ موجودہ تعلقات دین و دنیا کے لئے مضر ہیں، توایسی مجبوری اور نزاکت کے وقت عورت خلع کے

قانون سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ ارشاد ربانی ہے:
فان خفتم الا یقیما حدوداللہ فلا جناح علیھما فیما افتدت بہ (بقرہ۔ ۲۹)
سو اگر تم لوگوں کو احتمال ہو کہ وہ دونوں ضوابط خواندی کو قائم نہ کرسکیں گے تو دونوں پر اس میں کوئی گناہ نہ ہوگا، جس کو دے کر عورت اپنی جان چھڑالے۔
عہد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں خلع
گو حدود اللہ کے عدم قیام کی شرط کے ساتھ خلع کی اسلام نے اجازت دی ہے، اس سے پہلے ہرگز اجاز ت نہیں ہے۔ خلع کی مثال عہد نبوی میں موجود ہے، حدیث کی کتابوں میں یہ واقعہ تفصیل کے ساتھ مذکور ہے کہ حبیبہ بنت سہل انصاری ، حضرت ثابت بن قیس بن شماس رضی اللہ عنہما سے بیاہی گئی تھیں، ایک صبح کو سویرے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم فجر کی نماز کے لئے کاشانہ نبوی سے نکلے، دروازہ پر پہنچے تو دیکھا کہ ایک عورت کپڑوں میں لپٹی سمٹی ہوئی کھڑی ہے۔ صبح کی تاریکی ابھی باقی تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا آپ کون ہیں؟ آواز آئی یارسول اللہ (صلی اللہ علیہ وسلم) میں سہل کی بیٹی حبیبہ ہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، کیا بات ہے؟
حضرت حبیبہ رضی اللہ عنہا نے کہا۔ نہ تو میں ثابت بن قیس کے ساتھ ہوں اور نہ ثابت میرے ساتھ۔ یعنی ہم دونوں میاں بیوی میں اتفاق اور نباہ کی امید باقی نہیں رہی۔ آپ نے یہ قصہ سن لیا او رنماز کے لئے روانہ ہوگئے۔ حضرت ثابت بن قیس رضی اللہ عنہ جب خدمت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں حاضر ہوئے تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ یہ حبیبہ بن سہل انصاری ہیں۔ اللہ تعالیٰ کو جو منظور تھا اسے آکر انہوں نے یہاں بیان کیا۔ حضرت حبیبہ نے مہر کی واپسی پر بھی اپنی آمادگی ظاہر کردی اور درخواست کی کہ شوہر کا عطیہ موجود ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ثابت سے فرمایا اپنا عطیہ واپس لے لو، یہ سن کر حضرت ثابت رضی اللہ عنہ نے بیوی سے اپنا عطیہ واپس لے لیا اور اس طرح دونوں میں جدائی ہوگئی۔ (موطا امام مالک باب الخلع)
بخاری میں ہے، حضرت ثابت رضی اللہ عنہ کی اہلیہ نے خدمت نبوی ﷺ میں حاضر ہوکر بیان دیا:
یارسول اللہ ثابت بن قیس ما اعیب علیہ فی خلق ولا دین ولکن اکرہ الکفر فی الاسلام
یارسول اللہ (ﷺ) میں ثابت بن قیس کو ان کے اخلاق و دین میں عیب نہیں لگاتی، لیکن بات یہ ہے کہ میں اسلام میں کفر کی بات پسند نہیں کرتی۔
یہ سن کر رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ تم ان کا باغ واپس کرنے کو تیار ہو؟ ثابت کی بیوی نے اثبات میں جواب دیا۔ یہ معلوم کرکے آپ نے حضرت ثابت رضی اللہ عنہ سے کہا:

اقبل الحدیقة وطلقھا تطلیقة واحدة (زاد المعاد ج ۴ ص ۳۴)
با غ لے لے اور اس کو ایک طلاق دے دے۔
بخاری نے یہ واقعہ جو بیان کیا ہے یہ ہے تو حضرت ثابت ہی کی بیوی کا، مگر حبیبہ کا نہیں بلکہ ان کی دوسری بیوی جمیلہ بنت ابی سلول کا ہے۔ ابن ماجہ میں یہی واقعہ جمیلہ کے نام کے ساتھ مذکور ہے۔
واقعہ یہ ہے کہ حضرت ثابت بن قیس بن شماس رضی اللہ عنہ کوتاہ قد، بدصورت اور تیز مزاج تھے۔ اس لئے کسی عورت کی نگاہ میں سماتے نہیں تھے۔ بعض روایت میں ان کی بیوی کا ان کے باب میں بڑا سخت جملہ ہے۔
حدیث کی کتابوں میں خلع کے اور واقعات بھی مذکور ہیں، یہاں تفصیل مقصود نہیں ہے۔

حلالہ کی تین صورتیں: پہلی صورت
حلال کی تین صورتیں ہیں۔
پہلی صورت
جس عورت کو تین طلاقیں دی گئیں وہ عدت گزارنے کے بعد دوسری جگہ نکاح کرے۔ پھر خاوند حقوق زوجیت ادا کرنے کے بعد جب چاہے اپنی مرضی سے طلاق دے۔ اب عدت گزرنے کے بعد اس عورت کا پہلے خاوند سے نکاح ہوجائے، گویا یہاں حلالہ کیا نہیں جاتا بلکہ ہوجاتا ہے۔
حلالے کی اس صورت کا قرآن پاک میں ذکر ہے (جیسے آپ گزشتہ صفحات میں پڑھ چکے ہیں) اس پر تمام ائمہ کا اتفاق ہے کہ یہ صورت بلاکراہت جائز ہے۔ عورت کا دوسری جگہ نکاح کرنا بھی صحیح ہے اور جب وہ خاوند طلاق دے دے تو اب عدت گزارنے کے بعد وہ پہلے خاوند سے نکاح بھی کرسکتی ہے۔
یہ صورت چونکہ عقلاً نقلاً صحیح ہے، اور قرآن و حدیث سے ثابت بھی ہے، لہٰذا اسے بھی ناجائز یا بے حیائی کا باعث قرار دینا نہ صرف جہالت ہے بلکہ کھلم کھلا قرآن کی مخالفت ہے۔
دوسری صورت
جب خاوند نے طلاق دے دی اور عورت کی عدت بھی گزر گئی، اب کوئی شخص اپنی مرضی سے اس سے نکاح کرتا ہے اور نکاح کے وقت حلالہ کی شرط بھی نہیں رکھی گئی۔ یعنی یوں نہیں کہا گیا کہ تم حقوق زوجیت ادا کرکے اسے طلاق دے دینا کہ پہلے خاوندسے اس کا نکاح کیا جائے۔ البتہ دوسرے آدمی نے دل میں یہ نیت کی کہ چونکہ ان دونوں کے باہمی تعلقات اچھے تھے ، ان کے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں،لہٰذا اگر میں اس عورت سے نکاح کرلوں اور پھر اسے طلاق دے دوں تاکہ پہلا خاوند اس سے نکاح کرلے اور یوں وہ اجڑا ہوا گھر دوبارہ آباد ہوجائے تو اس صورت میں کیا حکم ہوگا؟ اس کی تفصیل حسب ذیل ہے:
#…مالکی فقہ کے مطابق اس نیت سے کیا گیا نکاح فاسد ہوگا۔ جماع کیا گیا یا نہیں، دونوں صورتوں میں تفریق ضروری ہے۔
#… شافعی فقہ کے مطابق یہ نکاح صحیح ہوگا، اگرچہ کچھ دوسری شرائط کا خیال رکھنا ہوگا، لیکن محض اس نیت کی وجہ سے یہ نکاح فاسد نہیں ہوگا۔
#… حنبلی فقہ کے مطابق یہ نکاح باطل ہے۔ ان کے نزدیک تحلیل (حلالہ) کی شرط اور نیت دونوں برابرہیں۔
#… جبکہ فقہ حنفی کے مطابق یہ نکاح صحیح قرار پاتا ہے ، اگر کچھ دیگر شرائط کا خیال رکھاجائے:
والحاصل ان التحلیل اذا سلم من ھذہ المحظورات وکان مقصوداً بہ الصلح بین الرجل ومطلقتہ فانہ جائز، ولصاحبہ اجرن الذی یصلح بین الزوجین، واما اذا کان لغرض من الاغراض السابقة فانہ یکون مکروھا تحریما ویکون اثمہ علی کل من اشترک فیہ سوآء کان الزوج الثانی اوالمطلِّق اوالمرأة (عبدالرحمن الحریری الفقہ علی المذاہب الاربعة ۴/۸)
خلاصہ یہ ہے کہ جب حلالہ ان ممنوعات سے محفوظ ہو اور اس کا مقصود اس مرد (پہلے خاوند) اور اس کی مطلقہ بیوی کے درمیان صلح کرانا ہو تو یہ جائز ہے اور ایسے شخص کو اس آدمی کی طرح اجر ملے جو میاں بیوی میں صلح کراتا ہے۔لیکن جب کوئی دوسری غرض ہو (جو اغراض کتاب الفقہ میں اس عبارت سے پہلے سے بیان ہوئی ہیں) تو مکروہ تحریمی ہے اور اس عمل میں جو لوگ شریک ہوں گے وہ گنہگار ہوں گے،وہ دوسرا خاوندہو یا طلاق دینے والا مرد یا عورت۔
اگر دوسرے شخص نے صرف اس نیت سے نکاح کرنے کے بعد طلاق دے دی کہ ان کا گھر بس جائے تو یقینا یہ کام باعث ثواب ہے، گویا وہ شخص میاں بیوی میں صلح کرانا چاہتا ہے لیکن چونکہ قرآنی تعلیم کے مطابق جب تک دوسری جگہ نکاح نہ ہوجائے وہ عورت دوبارہ پہلے خاوند کے نکاح میں نہیں آسکتی، اس لئے اسے مجبوراً نکاح کرنا پڑا۔
البتہ اگر وہ اس نیت سے نکاح کرتا ہے کہ اپنی شہوت کو پورا کرے اور پھر طلاق دے دے تو ایسا کرنا مکروہ ہے۔ اگرچہ نکاح بھی ہوجائے گا اور اب طلاق کے بعد وہ عورت پہلے خاوند کے لئے حلال بھی ہوجائے گی۔ علاوہ ازیں اگر وہ شخص لوگوں میں حلالہ کرنے والا مشہور ہے تو اگرچہ اب اس کی نیت صحیح بھی ہو اس کے لئے نکاح کرنا مکروہ تحریمی ہے۔ اگرچہ نکاح ہوجائے گا۔ اسی طرح اگر وہ اس نکاح پر اجرت مقرر کرتا ہے تو اس کا یہ عمل بھی حرام ہے اور حدیث پاک کی رو سے وہ لعنت کا مستحق قرار پاتا ہے۔ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
لعن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم المحلل والمحلل لہ (جامع ترمذی باب ماجاء فی المحلل والمحل لہ ص ۱۸۰)
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے حلالہ کرنے والے اور جس کے لئے حلالہ کیا گیا دونوں پر لعنت فرمائی ہے۔
اگرچہ نکاح اس صور ت میں بھی ہوجائے گا لیکن یہ ایسے ہی ہے جیسے کوئی شخص نر جانور اس مقصد کے لئے رکھتا ہے اور مادہ جانور کے مالک سے اس عمل کی اجرت وصول کرتا ہے تو یہ بھی حرام ہے۔ اسی طرح انسان جماع پر اجرت لے تو یہ بھی حرام ہے۔ (عبدالرحمن حریری ، الفقہ علی المذاہب الاربعة ۴/۷۹)
تیسری صورت
حلالہ کی تیسری صورت یہ ہے کہ جب اس مطلقہ سے نکاح کیا جائے تویہ شرط رکھی جائے کہ دوسرا خاوند جماع کے بعد اسے طلاق دے گا تاکہ وہ پہلے خاوند سے نکاح کرسکے۔ یہ طریقہ اختیار کرنا تمام آئمہ کرام کے نزدیک حرام ہے، کیونکہ سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے حلالہ کرنے والے اور جس کے لئے حلالہ کیا جائے دونوں پر لعنت فرمائی ہے۔ لہذا اس سے قطع نظر کہ یہ نکاح ہوگیا اور اب طلاق کے بعد وہ عورت پہلے خاوند کے لئے حلال ہوگئی یا نہیں؟ یہ بات بہرحال قطعی ہے کہ اس شرط کے ساتھ نکاح کرنا حرام ہے اور جولوگ اس میں شریک ہیں وہ سب لعنت کے مستحق ہیں۔ اس لئے مسلمانوں کو ا س سے بچنا چاہئے۔ لیکن اگر کوئی شخص اس طرح کرلیتا ہے تو کیا نکاح ہوجائے گا؟… کیا اب دوسرے خاوند پر اس شرط کی پابندی ضروری ہے؟… اور کیا دوسرے خاوند کے طلاق دینے کے بعد عورت پہلے خاوند کے لئے حلال ہوجائے گی؟
ہم اس سلسلے میں چاروں آئمہ کا مسلک مع دلائل نقل کرکے حضرت امام ابوحنیفہ رحمة اللہ علیہ کے موقف کا ترجیحاً ذکر کریں گے۔
فقہ مالکی
حضرت امام مالک رحمہ اللہ تعالیٰ اور آپ کے مقلدین کے نزدیک تحلیل (حلالہ) کی شرط سے نکاح کیا جائے تو وہ نکاح سرے سے منعقد ہی نہیں ہوتا۔ ان کی دلیل یہ ہے کہ نکاح کا مقصد ان دونوں کا ہمیشہ اکٹھے رہنا ہے اور یہی نکاح کی بنیادی شرط ہے۔ چونکہ حلال کی شرط رکھنے سے یہ بنیادی شرط ختم ہوجاتی ہے۔ لہٰذا یہ نکاح منعقد نہیں ہوگا اور نہ وہ عورت پہلے خاوند کے لئے حلال ہوگی۔ (عبدالرحمن حریری، الفقہ علی المذاہب الاربعة ۴/۸۱۔۸۰)۔
فقہ شافعی
حضرت امام شافعی رحمة اللہ علیہ کے نزدیک جب نکاح کرتے وقت تحلیل کی شرط رکھی جائے، مثلاً وہ یوں کہے کہ میں نے فلاں عورت سے اس شرط پرنکاح کیا کہ وہ طلاق دینے والے (پہلے خاوند) کے لئے حلال ہوجائے یا یوں کہے کہ میں اس شرط پر نکاح کرتا ہوں کہ وطی کرنے کے بعد اسے طلاق ہوجائے گی یا جدا ہوجائے گی تو یہ نکاح باطل ہے۔ لہٰذ ا اب وہ پہلے خاوند کے لئے حلال نہ ہوگی، امام شافعی رحمة اللہ علیہ کے نزدیک اس قسم کی شرط سے نکاح فاسد ہوجاتا ہے اور حلالہ کے لئے نکاح صحیح ضروری ہے۔لہٰذا یہ عورت پہلے خاوند کے لئے حلال نہ ہوگی۔
فقہ حنبلی
حنبلی فقہ کے مطابق دوسرے نکاح میں حلالہ کی نیت شامل ہو یا واضح طور پر حلالہ کی شرط رکھی جائے، دونوں صورتوں میں نکاح باطل ہوجائے گا اور یہ عور ت پہلے خاوند کے لئے حلال نہ ہوگی، ان کی دلیل سنن ابن ماجہ کی یہ روایت ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
الا اخبرکم بالتیس المستعار
کیا میں تمہیں ادھار لئے ہوئے سانڈھ کی خبر نہ دوں؟
صحابہٴ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا ہاں کیوں نہیں (آپ ﷺہمیں بتائیں)۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : وہ محلل ہے اور اللہ تعالیٰ نے محلل (حلالہ کرنے والے) اور (محلل لہ‘) جس کے لئے حلالہ کیا گیا دونوں پر لعنت فرمائی ہے۔
(عبدالرحمن حریری، الفقہ علی المذاہب الاربعہ ۴/۸۱۔۸۰)
فقہ حنفی
تحلیل (حلالہ) کی شرط پر کیا گیا نکاح حضرت امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کے نزدیک مکروہ ہے۔ لیکن فاسد نہیں ہوتا اور اس کے بعد وہ عورت پہلے خاوند کے لئے حلال ہوجاتی ہے۔
واذا تزوجھا بشرط التحلیل فالنکاح مکروہ لقولہ علیہ السلام لعن اللہ المحلل والمحلل لہ وھذا ھو محملہ فان طلقھا بعد وطیھا حلت للاول لوجود الدخول فی نکاح صحیح یا یبطل بالشرط (ہدایہ، فصل فیما تحل بہ المطلقة ۱/۳۸۰)
اور جب اس عورت سے تحلیل (حلالہ) کی شرط پر نکاح کرے تو یہ مکروہ ہے، کیونکہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے حلالہ کرنے والے اور جس کے لئے حلالہ کیا گیا دونوں پر لعنت فرمائی ہے اور حدیث کا یہی مطلب ہے کہ (نکاح مکروہ ہو نہ یہ کہ سرے سے منعقد ہی نہ ہو) پھر جب وہ اس کو جماع کے بعد طلاق دے تو اب وہ پہلے خاوندکے لئے حلال ہوگئی، کیونکہ نکاح صحیح میں جماع پایا گیا جو کسی شرط کی وجہ سے باطل نہیں ہوتا (لہٰذا حلالہ کی شرط سے بھی باطل نہیں ہوگا)۔
حضرت امام ابویوسف رحمہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک چونکہ نکاح موقت نکاح کی طرح ہے۔ لہٰذا فاسد ہے اور اس فساد کی وجہ سے یہ عورت پہلے خاوند کے لئے حلال نہ ہوگی۔ جبکہ حضرت امام محمد رحمہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک یہ نکاح صحیح ہوتا ہے، کیونکہ نکاح کسی شرط سے باطل نہیں ہوتا، البتہ یہ عورت پہلے خاوند کے لئے حلال نہیں ہوگی، کیونکہ جس چیز کو شریعت نے موخر کیاتھا ، اس نے اس میں جلدی کی۔ لہٰذا مقصود نکاح میں رکاوٹ کی وجہ سے اسے یہ سزا دی جائے گی، جیسے کوئی شخص اپنے مورث (جس کا یہ وارث ہے) کو قتل کردے تو وہ وراثت سے محروم ہوجاتاہے (کیونکہ وراثت حاصل کرنے میں اس نے جلدی کی ہے)۔ (ہدایہ۔ فصل فیماتحل بہ المطلقة ۱/۳۸۰)
حضرت امام محمد رحمہ اللہ اس اعتبار سے حضرت امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ سے متفق ہیں کہ یہ نکاح ہوجاتا ہے کیونکہ ان کے نزدیک شرائط، نکاح کے انعقاد پر اثر انداز نہیں ہوتیں، لیکن چونکہ نکاح ایک ایسا عمل ہے جو خاوند کی موت تک برقرار رہنا چاہئے اور یہاں پہلے ہی ختم کردیا گیا، لہذا پہلے خاوند کو یہ سزا دی جائے کہ وہ عورت اس کے لئے حلال نہ ہو۔
امام اعظم ابوحنیفہ رحمة اللہ علیہ کے دلائل
چونکہ تین طلاقوں کے بعد مطلقہ عورت سے رجوع نہیں ہوسکتا لہٰذا:
(۱)… اب وہ پہلے خاوند کے لئے حلال نہیں اور جب پہلے خاوند کے لئے فی الحال حلال نہیں توکسی دوسری جگہ اس کا نکاح ہوسکتا ہے۔
(۲) …دوسرا آدمی جو اس عورت سے نکاح کررہا ہے وہ اس کے محارم میں سے بھی نہیں ہے اور عاقل و بالغ آدمی ہے جسے اپنی ذات پر ولایت حاصل ہے۔
(۳) …نیز عورت خود اپنے نفس پرولایت رکھتی ہے اب جب وہ خود نکاح کرے یا اس کا ولی نکاح کرکے دے دونوں صورتوں میں اسے اس نکاح کا حق حاصل ہے۔
(۴) …فقہ حنفی کے مطابق نکاح میں کوئی شرط رکھی جائے تو اس شرط کا صحیح یا غلط ہونا اپنی جگہ پر ہے، لیکن نکاح بہرحال صحیح قرار پاتا ہے۔
اب جب دوسرا خاوند اسے اپنی مرضی سے طلاق دے دیتا ہے اور اس سے پہلے وہ حقوق زوجیت ادا کرچکا ہے، تو قرآن پاک کی درج ذیل آیت کے مطابق اس عورت کا پہلے خاوند سے نکاح جائز ہے۔
فان طلقھا فلا جناح علیھما ان یتراجعا ان ظنا ان یقیما حدوداللہ وتلک حدود اللہ یبینھا لقوم یعلمون (سورہٴ بقرہ ۲/۲۳۰)
پس اگر وہ (دوسرا خاوند) اسے طلاق دے تو ان دونوں (پہلے خاوند اور عورت) پر کوئی حرج نہیں کہ وہ رجوع کریں۔ اگر وہ سمجھتے ہوں کہ اللہ کی حدوں کو قائم رکھ سکیں گے اور یہ اللہ تعالیٰ کی حدیں ہیں جنہیں وہ علم والی قوم کے لئے بیان کرتا ہے۔
حضرت امام رازی رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
اما قولہ (فان طلقھا) فالمعنی ان طلقھا الزوج الثانی الذی تزوجھا بعد الطلقة الثالثة لانہ تعالیٰ قد ذکرہ بقولہ حتی تنکح زوجاً غیرہ (فخر الدین رازی، تفسیر کبیر ۶/۱۱۳)
اللہ تعالیٰ کا ارشاد گرامی (فان طلقھا) کا مطلب یہ ہے کہ اگر دوسرا خاوند جس نے تیسری طلاق کے بعد نکاح کیا تھا اسے طلاق دے، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اس کا ذکر ان الفاظ میں کیا ”یہاں تک کہ وہ دوسرے خاوند سے نکاح کرے۔“
مطلب یہ ہے کہ یہاں طلاق دینے والے مرد کا رجوع مراد نہیں بلکہ رجوع سے نکاح جدید مراد ہے اور رجوع اصطلاحی نہیں بلکہ لغوی ہے۔ امام رازی علیہ الرحمة نے فرمایا:
فذکر لفظ النکاح بلفظ التراجع لان الزوجیة کانت حاصلة بینھما قبل ذلک فاذاتنا کحا فقد تراجعا الیٰ ماکانا علیہ من النکاح فھذا تراجع لغوی (فخر الدین رازی، تفسیر کبیر ۶/۱۱۳)۔
اللہ تعالیٰ نے نکاح کا ذکر لفظ تراجع (رجوع) کے ساتھ کیا۔ کیونکہ ان دونوں کے درمیان زوجیت پہلے سے حاصل ہے۔ پس جب وہ نکاح کریں گے تو پہلے والی حالت یعنی نکاح کی طرف لوٹ آئیں گے، لہٰذا یہ لغوی رجوع ہے۔
حضرت امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کے نزدیک تحلیل کی شرط باوجود یہ نکاح اس لئے صحیح قرار پاتا ہے کہ آپ کے نزدیک کسی بھی شرط سے نکاح فاسد نہیں ہوتا اورنکاح کے ارکان ایجاب و قبول اور شرط یعنی گواہوں کا حاضر ہونا دونوں باتیں پائی گئیں، لہٰذا یہ نکاح صحیح قرار پایا۔